سابق برازیلین صدر کی سعودی عرب سے تحفے میں ملی گھڑی فروخت کرنے پر گرفتاری کا امکان

برازیلیا(پاک ترک نیوز ) سابق برازیلین صدر بولسونارو کو سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی فروخت کرنےکے الزام میں گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔بولسونارو پر تین ملین ڈالر مالیت کے تحائف کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے 2021 میں برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو تحفے میں قیمتی گھڑی اورزیورات دئیے گئے تھے، تحفے میں ملی بیش قیمت گھڑی کو بولسونارو کے قریبی ساتھی نے امریکا کے ایک مال میں فروخت کیا تھا جس کی رقم 68 ہزار ڈالرز سابق برازیلین صدر نے وصول کی۔
برازیلی قانون کے مطابق ایک ہزار ڈالر سے مہنگی جو بھی چیز بیرون ملک سے لائی جائے اُسے ڈیکلیئر کرنا لازمی ہے، ساتھ ہی صدور غیر ملکی تحائف توشہ خانہ میں جمع ہونےکے بعد ساتھ لے جانے کے اہل نہیں ہوتے۔
اس حوالے سے برازیلین ادارہ تحقیقات کر رہا ہے، الزام ثابت ہونے پرسابق صدر کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔بولسونارو کے وکلا کا کہنا ہےکہ تحائف ریاستی نہیں، حکومتی پینل بیشتر تحائف ذاتی ملکیت قرار دے چکا ہے۔
68 سالہ بولسونارو کے خلاف فراڈ اورالیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے متعدد ساتھی جیل میں ہیں۔سابق برازیلین صدر انتخابات میں بھی شکست سے دوچار ہوئے ، ان پر7 سال تک کوئی بھی اہم عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

#barazil#barazilia#gift#PakTurkNews#saudiarabia#watch