ممبئی (پاک ترک نیوز)
بھارتی فلم بینوں نے انتہا پسند ہندؤں کی تمام تر مخالفت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئےبالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ شاندار کامیابی سے ہم کنار کر دیا ہے۔اور اس فلم نے دنیا بھر سے ایک ہزار کروڑبھارتی روپے کا کاروبار کر لیا ہے۔اوراپنی ریلیز کے چوتھے ہفتے بھی ’پٹھان‘ کی بھارت سمیت دنیا بھر کے باکس آفس پر دھوم جاری ہے۔
یش راج فلمز کی جانب سے گذشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا ہے کہ پٹھان نے دنیا بھر سے ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔پٹھان ریلیز کے پہلے مرحلے میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ہندی فلم بن گئی ہے۔
دوسری جانب ایکشن اور تھرلر سے بھرپور یہ پہلی ہندی فلم ہے جس نے 500 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ اس کے علاوہ ’پٹھان‘ تیز ترین 500 کروڑ روپے کمانے والی بھی پہلی فلم بن گئی ہے۔اب اس فلم کی نظریں بھارت کے اندر سب سے زیادہ باکس آفس کے 510 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کا ریکارڈ توڑنے پر مرکوز ہیں
خیال رہے ’پٹھان‘ نے 25 جنوری کو اپنی ریلیز کے پہلے دن ملک بھر سے 57 کروڑ بھا رتی روپے کا کاروبار کر کے نیا ریکارڈ قائم کر لیا تھا۔
رواں سال شاہ رخ خان کی دو مزید فلمیں بھی ریلیز ہوں گی۔ان کی دوسری فلم ’جوان‘ کے نام سے ہے جس کی ہدایت کاری جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار نے کی ہے۔ یہ فلم دو جون کو ریلیز کی جائے گی۔اس کے بعد سال کے آخر میں کنگ خان راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔