اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس کی 28 ستمبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کیس کا فیصلہ تحریر کیا جو 4 صفحات پر مشتمل ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین کو فیض آباد دھرنے سے متعلق حقائق پیش کرنے کا ایک اور موقع دے رہے ہیں، فریقین کیس سے متعلق حقائق بیان حلفی کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کیس میں تحریری جوابات 27 اکتوبر تک جمع کرائے جائیں اور کیس کی سماعت یکم نومبر کو ہو گی۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزارت دفاع اپنی نظرثانی درخواست پر مزید کارروائی نہیں چاہتی، آئی بی، پیمرا اور پی ٹی آئی نے بھی متفرق درخواست کے ذریعے نظرثانی درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی جبکہ درخواست گزار شیخ رشید نے نیا وکیل کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی، درخواست گزار اعجاز الحق نے فیصلے کے پیراگراف نمبر 4 پر اعتراض اٹھایا اور دوران سماعت کیس سے متعلق 4 سوالات اٹھائے گئے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کچھ درخواست گزاروں کی عدم حاضری پر انہیں ایک اور موقع دیا جاتا ہے، عدالت نے مشاہدہ کیا کچھ لوگوں نے عوامی سطح پرکہا کہ انہیں معلوم ہے کہ کیا ہوا تھا، ان لوگوں کا کہنا تھا کہ فیض آباد دھرنا کیس میں عدالت نے ان کے نکتہ نظر کو مدنظر نہیں رکھا، فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے کے پیراگراف 17 کے تحت یہ مؤقف عدالت کے لیے حیران کن ہے۔
عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس فیصلے میں کہا تھا کہ کوئی بھی متاثرہ فریق آگے بڑھ کر تحریری طور پر اپنا مؤقف پیش کرسکتا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیض آباد دھرنا ایک محدود وقت کے لیے تھا اوراس کے دائرہ اختیار کو وسیع نہیں کیا جانا چاہیے۔