امریکی تاریخ میں پہلی بار سابق صدر کو سزا، ٹرمپ کو جعلسازی کے جرم میں سزا سنا دی گئی

نیویارک(پاک ترک نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جعلسازی کیس میں مجرم قرار دیئے گئے، ٹرمپ نے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کرنے پر نیویارک جیوری نے سنائی، عدالتی حکم کے مطابق 11 جولائی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی سزا کا اعلان کیا جائے گا۔
ٹرمپ پر فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے متعلق 34 الزامات عائد کئے گئے تھے، جیوری نے تمام الزامات کو درست قرار دیا۔
ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ جنسی تعلقات تھے اور انہیں چھپانے کیلئے 2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پر اسٹارمی ڈینئلز کو رقم دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیت گئے تھے۔
واضح رہے کہ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق امریکی صدر کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی ہے۔
ٹرمپ نے فیصلہ مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ دھاندلی ہے، میں بالکل بے قصور ہوں، یہ مقدمہ میری توہین ہے، معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم آخر تک لڑیں گے، یہ آئین اور قانون کیلئے جنگ ہے طویل جنگ ہوگی۔
جیوری کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو صرف بیلٹ باکس کے ذریعے ہی شکست دی جا سکتی، ٹرمپ نے غلط سوچا کہ اُنہیں نتائج کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ٹرمپ کے انتہائی قریبی ساتھی سینیٹر لنزی گراہم کا کہنا ہے کہ ری پبلکن لیڈر کی جانب سے اپیل عدالتی فیصلے کو اڑا کر رکھ دے گی۔

 

#americanpresident#donaldtrump#formeramericanpresident#jobiden#pakturkenwsAmericaPresident