غزہ:اسرائیلی فوج کا پناہ گزین سکول پر حملہ، بچوں سمیت 17 فلسطینی شہید

غزہ(پاک ترک نیوز)اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر پناہ گزین سکول پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجہ میں بچوں سمیت 17 فلسطینی شہید ہوئے اور 60 سے زیادہ شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کے شہر غزہ کے پناہ گزین سکول پر اسرائیلی بمباری کی، سکول پر پہلے حملے کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے مزید بم برسائے۔
صیہونی فوج کے مطابق اسکول کو فلسطینی گروپ حماس کے کمانڈ سینٹر کے طور پر جنگجوؤں کو چھپانے اور ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، حماس نے اسرائیلی الزامات کی تردید کی ہے ۔
اسرائیلی فوج نے حماس، حزب اللہ کمانڈروں پر ٹارگٹڈ حملے بڑھا دیے، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے 2 ڈرون حملے کیے گئے جس میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر سمیت 9 فلسطینی شہید ہوئے۔
دوسری جانب لبنان میں گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر علی عبد علی شہید ہوئے۔حزب اللہ نے بھی اسرائیلی اہداف کو راکٹوں اور توپوں سے نشانہ بنایا، واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ حملوں میں اب تک 39 ہزار 500 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

#gaza#hammas#isreal#PakTurkNews#palistane