اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ حکومت رواں سال 10 لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کیلئے بیرون ملک بھجوائے گی۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کا کہنا تھا سعودی حکام ویزے دینے جلد پاکستان آرہے ہیں،جرمنی، یونان اور رومانیہ سمیت دیگر 50 ممالک کے ساتھ بھی ورک ویزوں کے نئے معاہدے ہو رہے ہیں۔
انہوں خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سعودی وزارت محنت کے حکام پاکستان ویزے دینے جلد آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ فنی تربیت کاٹیسٹ پاس کرنے والے پاکستانی سعودی ویزا حاصل کر سکیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہنر مندوں اور مزدوروں کے لئے جاپان نے ویزے کھول دیے ہیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں 10ہزار پاکستانی ہنرمندوں کی مانگ ہے جوجلد جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا جرمنی اور رومانیہ میں بھی پاکستانیوں کو ورک ویزے مل رہے ہیں، پرتگال اوریونان کے ساتھ بھی پروفیشنلزاورلیبرویزوں کے معاہدے ہوں گے۔
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کا کہنا تھا کہ مالٹا کے ویزوں کی فائل وزارت داخلہ میں رک گئی ہے، وزرات داخلہ کو بتادیا کہ مالٹا میں پاکستانی قونصلیٹ ہے نہ سفارتخانہ، وزرات داخلہ اٹلی میں سفارتخانے کے ذریعے ویزوں کا معاملہ حل کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے 27 ہزار بلاک پاسپورٹ بحال کردئیے گئے ہیں جبکہ یورپ میں لاکھوں غیرقانونی پاکستانیوں کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔