حکومت کی دیامر بھاشا ڈیم کیلئے سعودی عرب سے 3.5 ارب ڈالرز کی درخواست

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاکستان نے سعودی عرب سے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 3.5ارب ڈالرز کی درخواست کردی ۔
پاکستان نے 15-16 اپریل کو سعودی عرب کے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے دورہ کے دوران دیامر بھاشا ڈیم کے لیے سعودی عرب سے 3.5 بلین ڈالر کی درخواست کی ہے ۔
ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر مالیاتی مشیر کے ان پٹ کے بعد سعودی حکام پاکستان کو جواب دیں گے۔
سعودی عرب کی جانب سے مقرر کیا جانے والا مالیاتی مشیر پراجیکٹ اور کاروباری ماڈل پر مطلوبہ احتیاط سے کام کرے گا جسے پاکستانی حکام نے سعودی عرب کے وفد کے سامنے 16 اپریل 2024 کو پیش کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے واپڈا بھی ایک فنانشل ایڈوائزر کا تقرر کرے گا جو سعودی عرب کی جانب سے مقرر کیے جانے والے پراجیکٹ کے مالیاتی مشیر سے بات چیت کرینگے۔
سعودی عرب سے باضابطہ درخواست ڈیڑھ سے دو ماہ میں آسکتی ہے۔
دیامر بھاشا ڈیم کی لاگت 8 ارب ڈالر ہے جس میں سے غیر ملکی حصہ 4 ارب ڈالر ہے۔ 4 ارب ڈالرز کے غیر ملکی حصے میں سے واپڈا نے اپنے یورو بانڈ کے ذریعے 500 ملین ڈالرز کا بندوبست کرلیا ہے، چنانچہ پاکستان میں حکام نے ساڑھے تین ارب ڈالرز کی درخواست کردی۔
ساڑھے تین ارب ڈالرز میں سے واپڈا نے سعودی حکام سے 2.25 فیصد شرح سود پر 2.3 ارب ڈالرز کا رعایتی قرضہ 6 سال کی رعایتی مدت کے ساتھ 25 سال کے لیے فراہم کرنے اور اس پراجیکٹ میں اپنی ایکویٹی کے طور پر 4.45 فیصد امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی لاگت کے برابر 1.2 ارب ڈالرز کی درخواست کی ہے۔

 

#demarbhshadam#islamabad#ksa#PakTurkNews#saidarabia