غزہ کو اسرائیلی فوج کا قبرستان بنا دیں گے، حماس

غزہ(پاک ترک نیوز) فلسطین مزاحمتی تنظیم حماس کا کہناہے کہ ہم غزہ کو اسرائیلی فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔
حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارا دفاعی آپریشن جاری ہے اور ابھی تو صرف شروعات ہوئی ہیں ہمیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ ہم غزہ کو دشمن کا قبرستان بنا دیں گے، مسلم امہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس جنگ میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اب تک 22 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کر چکے ہیں، دشمن کے ٹینکوں اور گاڑیوں کو مختلف قسم کے اینٹی آرمر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ابو عبیدہ کاکہنا تھا کہ دشمن کے ساتھ جھڑپوں کے دوران بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ دشمن کے اہداف پر حملہ کرنے کے لیے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی استعمال کیے گئے ہیں۔
حماس ترجمان نے اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اپنے کمانڈر کی موجودگی کی بھی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیا۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس جنگ میں اسرائیل گھٹنے ٹیکے گا اور یہ نیتن یاہو کے خاتمے کا باعث بنے گی۔ ثالثی کرنے والے ممالک کو آگاہ کیا ہے کہ ہم آنے والے دنوں میں مزید غیر ملکی قیدیوں کو رہا کر دیں گے۔

 

#gaza#gazacity#hammas#isreal#PakTurkNews#phalistine