مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب میں معاون سیکریٹری عمرہ عبدالرحمن شمس نے رمضان المبارک کے دوران بیرون مملکت سے عمرہ بکنگ کرانے والوں کے اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔
منگل کے روزسعودی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک آٹھ لاکھ افراد بیرون ملک سے رمضان المبارک میںعمرے کی بکنگ کرا چکے ہیں۔
قبل ازیں وزارت حج و عمرہ نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ پرمٹ کے لیے اندرون و بیرون مملکت کے زائرین کونسک پلیٹ فارم کے ذریعے بکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔جس کے بعد سے دنیا بھر سے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند زائرین اس سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھارہے ہیں۔وزارت حج وعمرہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی توکلنا ایپ کے ذریعے بھی عمرہ پرمٹ جاری کرا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ نسک ایپ ایپل سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔