آئی ایم ایف کی ڈیل کو توڑ کر پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی انکی خواہش ڈھکی چھپی نہیں،وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ڈیل کو توڑ کر پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی انکی خواہش ڈھکی چھپی نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ معیشت اور جس طرح کے حالات اس کو چلانے کیلئے چاہئیے ہوتے ہیں کے بارے میں عمران نیازی کی سمجھ بوجھ کافی محدود ہے اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لانے میں اپنے کلیدی کردار کو بھی وہ بڑی آسانی سے بھول جاتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل کو توڑ کر پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی انکی خواہش ڈھکی چھپی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی نا رکنے والی مزاحمت کی سیاست، لانگ مارچ اور دھرنوں سے ملک میں سیاسی بحران پیدا کرکے ملکی معیشت پر منفی اثرات ان کوششوں کے علاوہ ہے. حتی کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی اس طرح کی بے یقینی کی صورتحال جسے عمران نیازی نے دانستہ طور پر پیدا کیا، میں اپنا سرمایہ لگانے سے گریز کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صرف 9 مئی کے واقعات ہی نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے اور یہ ان کے ناپاک عزائم کا کھلم کھلا ثبوت ہیں اور ابھی ان کے بے تحاشہ کرپشن کے کیسز کی لمبی داستان بھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہمیں ابھی بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے مگر ہم الحمدللہ بحرانی کیفیت سے نکل چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے سنجیدگی سے حکومت ٹھوس معاشی منصوبہ بندی اور پالیسی سطح پر مداخلت سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہم دوست اور شراکت دار ممالک سے مل کر جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں مالی خلاء کو پورا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ درآمدات کو کم کرنا اور افراط زر میں کمی اصل چیلنجز ہیں جن سے اسی وقت ہی صحیح معنوں میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافے کو معیشت ٹھیک کرنے کے بنیادی عناصر بنائیں گے اور ہماری تمام تر کوششیں و توانائیاں اس ہدف کے حصول میں کاربند ہیں۔

@imrankhan#chairmanpti#islamabad#PakTurkNews#primeminister#shahbazsharif#tweet