لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کی کامیابی کے حوالے سے بہت پرامید ہوں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آج رات مینار ِپاکستان پرہمارا چھٹا جلسہ ہے، میرا دل کہہ رہا ہے کہ یہ جلسہ پہلے کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ سب کو یاد دلانا چاہتاہوں کہ سیاسی اجتماع میں شرکت آپ کا بنیادی حق ہے، اپنا حق استعمال کیجئے اور مینارِ پاکستان کے اس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ اس تباہی کی دلدل میں مجرموں کے اس گروہ نے ملک کو دھکیلاہے، یہ لوگوں کو جلسے میں شرکت سے روکنے کیلئے ہرطرح کی رکاوٹ ڈالیں گے۔
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سب کو دعوت ہے کہ نمازِ تراویح کے بعد تاریخی جلسے میں شریک ہوں، جلسے میں حقیقی آزادی کے اپنے وژن پر روشنی ڈالوں گا، قوم کو بتاؤں گا کہ ہم پاکستان کو تباہی کی اس دلدل سے کیسے نکالیں گے؟
دوسری جانب مینار پاکستان پر جلسے سے قبل کریک ڈاؤن کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔لاہور میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے جلسے سے قبل مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔
پنجاب کی نگراں حکومت نے ریلوے سٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے تمام راستے بند کر دیئے، شاہ عالم مارکیٹ چوک، بانساں والا بازار چوک پر دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے۔
لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، راوی پل بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں متعدد سیاسی ورکرز کو گرفتار بھی کر لیا ہے دیگر کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ہمارے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے رکھا ہے، پولیس اور انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود آج جلسہ ضرور ہوگا۔