دعا ہے دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جائے: وزیراعظم

 

لاہور(پاک ترک نیوز) وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے نظام کودفن کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔میری ہمیشہ کے لیے دعا ہے کہ دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں کبھی نہ جائے۔
لاہور میں باب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کروڑوں لوگوں نے پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں، یہ تاریخی مقام والٹن ہندوستان سے ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کی یاد دلاتا ہے، ہزاروں مہاجرین نے باب پاکستان کے مقام پر قیام کیا تھا، باب پاکستان کا منصوبہ دنیا کو پاکستان کے قیام کی تاریخ بتائے گا، 1991ء میں نواز شریف نے باب پاکستان منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ این ایل سی کے چیئرمین سے پوری امید ہے وہ اس منصوبے کو پوری محنت سے مکمل کریں گے، انتظامیہ اور متعلقہ محکمے دن رات ایک کر کے اس کو مکمل کریں گے، یہ 10 یا 15 سال کی تاخیر نہیں، یہ 20 یا 25سال کی تاخیر ہے، ہمت ہارنے کی کوئی بات نہیں مشکلات آتی ہیں، اگر ہم مل کر مشکلات کا سامنا کریں گے تو ضرور ان سے نکلیں گے، ہم نے یہاں سکول بنائے لیکن اصل منصوبہ کھٹائی میں پڑا رہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کھنڈرات وہیں کے وہیں ہیں، بے دردی اور بے رحمی سے باب پاکستان منصوبے کو تباہ کیا گیا، منصوبے میں مقامی پتھر استعمال کرنے کا کہا، 90 کروڑ روپے کا گرینائٹ جس کا آرڈر بھی ہوچکا تھا منع کروایا، اربوں روپے کا غبن ہوا، نیب نے ایک بار بھی کسی کو نہیں بلایا، نظام بدلنے تک ملک ترقی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ کے لیے دعا ہے کہ نیب کے عقوبت خانے میں کبھی کوئی نہ جائے کیونکہ گزشتہ ادوار میں وہاں ناانصافی روا رکھی گئی اور انصاف کا قتل عام ہوا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بےگناہ لوگوں کو چن چن کر نیب کے عقوبت خانے بھجوایا گیا لیکن اس منصوبے پر اربوں روپے کا غبن ہوگیا تو کیا نیب نے ان لوگوں کو بلا کر پوچھا؟، یہ وہ دہرے معیار ہیں جس نے پاکستان کو تباہی کے اس دہانے پر پہنچا دیا، اس منصوبے کا احتساب نہ ہونے کی وجوہات کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے نظام کو دفن کرنے تک پاکستان خوشحال نہیں ہوسکتا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 2023 میں ہم باب پاکستان کی تاریخی جگہ کھڑے ہیں، یہ وہی مقام ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں مہاجرین ہجرت کر کے آئے تھے، والٹن میں تاریخی یادگار کا خواب غلام حیدر وائیں نے دیکھا تھا، مسلم لیگ (ن) کے ہر دور میں باب پاکستان کے منصوبے پر کام ہوا، منصوبے پر سرکاری خزانے کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے دور میں یہاں پارکس، روڈز اور دیگر منصوبے بنے، جو ادارے میرے ذمے ہیں ان کے تعاون کے بغیر یہ پروجیکٹ ممکن نہیں تھا، یہ سب کی مشترکہ کاوش ہے، وفاقی گورنمنٹ اور وفاق کے تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایسے منصوبے ملک کے تمام بڑے شہروں میں بننے چاہئیں، ایسے منصوبوں کے لئے پرائیویٹ پبلک پارٹنرز کی بہت اہمیت ہے، باب پاکستان 24 ارب روپے کی لاگت کا منصوبہ ہے ،اس منصوبے میں سپورٹس کی سہولیات بھی ہوں گی۔
قبل ازیں وزیراعظم میاں شہباز شریف نے لاہور میں باب پاکستان اور والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

 

#babepakistan#Lahore#PakTurkNews#primeminister#shahbazsharif#waltonPM