آئی سی سی کی نیویارک سٹیڈیم کی پچ غیر معیاری ہونے کی تصدیق

دبئی / نیویارک(پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیویارک سٹیڈیم کی وکٹ غیر معیاری ہونے کی تصدیق کردی۔
آئی سی سی نے نیویارک میں قائم نساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم کی وکٹ کے معیاری نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور آئرلینڈ کے میچ کے دوران پچ میں وہ تسلسل نہیں دیکھا جس کی توقع تھی۔
آئی سی سی نے کہا کہ مذکورہ گراؤنڈ میں شیڈول کیے گئے بقیہ میچز کیلئے وکٹ کے معیار بہتر کرنے کیلئے بہترین ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور بدھ کو ختم ہونے والے میچ کے بعد سے وکٹ کی درستی کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل نساؤ اسٹیڈیم میں پچ نمبر چار پر آئرلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا، جس میں بھارت نے آئرلینڈ کو 96 پر آل آؤٹ کیا اور انڈیا نے یہ میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
میچ کے دوران بھارتی بلے باز روہت شرما بازو پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر کی انگلی جسپرت بمرا کی خطرناک باؤنسر سے زخمی ہوگئی تھی۔

#icc#internationalcricketcouncil#newyork#PakTurkNewsDubai