انقرہ (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دوروزہ ترکیہ کے دورے کے دوران معروف ترک کمپنی لیماک ہولڈنگز کی چیئرپرسن، ایبرو اوزدمیر سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، سیاحت اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری پر گفتگو.کی گئی ۔ جس کے بعد طے پایا کہ اوزدمیر پاکستان میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست بات چیت کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔
ان کے دورہ کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں تعاون کیلئے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دینا ہے۔
ملاقات میں مس اوزدمیر نے گلوبل انجینئرنگ گرلز (جی ای جی) پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلات بھی شیئر کیں۔
گلوبل انجینئرنگ گرلز پراجیکٹ نیکسٹ جنریشن کی خواتین انجینئرز، لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم، رہنمائی اور کیریئر کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
پاکستان میں یہ منصوبہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی میں خواتین اور لڑکیوں کو تجربہ فراہم کرے گا اور انہیں اپنا کیریئر بہتر بنانے کے قابل بنائے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی موجود رہے ۔