راولپنڈی(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی برٹش نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان سے 19 کروڑ پاؤنڈ کی غیرقانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جوابات بھی طلب کئے تھے اور انہیں کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کی عدم حاضری پر قانونی کارروائی ہوگی۔
نیب راولپنڈی نے عمران خان کو صبح 10 بجے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور 19 کروڑ پاؤنڈ کے فریزنگ آرڈرز، القادر یونیورسٹی کو ملنے والے تمام عطیات اور ٹرسٹ کو عطیات دینے والوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا تھا۔
نیب نے القادر ٹرسٹ اورملزمان کی کمپنی کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ کےعلاوہ برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت کا ریکارڈ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب نیب راولپنڈی نے سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کو بھی 22 مئی کو طلب کر رکھا ہے۔