عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا

راولپنڈی (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصا ف کےبانی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10،10برس قید کی سزا سنادی گئی ۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سزا سنائی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے زبانی مختصر فیصلہ سنایا، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے بیان دیا کہ ہمارے وکلاء موجود نہیں ہم کیسے بیان ریکارڈ کرائیں گے؟
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے کہا کہ آپ کے وکلاء حاضر نہیں ہو رہے، آپ کو سٹیٹ ڈیفنس کونسل فراہم کی گئی۔
وکلاء صفائی نے سوال کیا کہ ہم جرح کر لیتے ہیں جس پر جج نے وکلاء صفائی سے کہا کہ آپ نے مجھ پر عدم اعتماد کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا 342 کا بیان کمرہ عدالت میں ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ سائفر میرے آفس آیا تھا لیکن اس کی سکیورٹی کی ذمہ داری ملٹری سیکرٹری کی تھی، اس حوالے سے ملٹری سیکرٹری کو انکوائری کا کہا تھا، انہوں نے بتایا کہ سائفر کے بارے میں کوئی کلیو نہیں ملا۔

@imrankhan#cyfer#founderpti#PakTurkNews#pti#shahmehmood