عمران خان نے سائفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اورچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا اور مجھے بدنیتی سے اس من گھڑت مقدمے میں نامزد کیا ، 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بے ضابطگیوں و استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔
واضح رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
جج ابولحسنات ذوالقرنین کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ ہمیں اس بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ایک ٹاپ سیکرٹ کیس ہے اور عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف ناقابل تردید شواہد کیس سے تعلق ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں، ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 اور 9 اور ناقابل ضمانت دفعات کے بظاہر جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔

@imrankhan#case#chairampti#islamabad#PakTurkNews#ptichairman