عمران خان کو نیب نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں ملزم نامزد کردیا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں ملزم نامزد کردیا۔
نیب کی ٹیم 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے احتساب عدالت پہنچی۔ جہاں رجسٹرار آفس کی جانچ پڑتال کے بعد نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا گیا۔فرح گوگی کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کی فہرست میں بیرسٹر ضیا المصطفیٰ نسیم کا نام بھی شامل ہیں۔
نیب کی جانب سے ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ملزم نامزد کردیا گیا۔ عمران خان کے علاوہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، ذلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت 8 ملزمان کو ریفرنس میں نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی گئی تھی۔ وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز کے توسط سے دائر درخواست احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کی گئی تھی، جس میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا تھا۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔

@imrankhan#chairmanpti#PakTurkNews#ptichairman#scandle