عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل میں پیر کو عدالت پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیر کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم نامہ احتساب عدالت نے جاری کردیا۔ جج محمد بشیر نے 5 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔
احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردارمظفر عباسی نے مزید10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی۔ نیب نے بتایا کہ علی ظفر ایڈووکیٹ طلبی پر23 نومبر کو نیب دفتر میں پیش ہوئے اور متعلقہ ریکارڈ نیب کوفراہم کیا۔ انہوں نے24مارچ2021ء کے معاہدے کا ریکارڈ بھی نیب کو فراہم کیا۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق نیب حکام نےکہا کہ قومی خزانے کو منتقل ہونے والی رقم سے متعلق تفتیش کرنی ہے، جسے مکمل کرکے کیس کو حتمی نتیجے تک پہنچانے کے لیے مزید ریمانڈ درکارہے۔وکلائے صفائی نے مزید ریمانڈ کی مخالفت کی اور 2 لیٹرز پیش کیے۔ ایک لیٹر6نومبر2019ء کا مشرق بینک سے متعلق ہے۔ وکلا نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کا رقم منتقلی سے کوئی سروکار نہیں۔
احتساب عدالت کے حکم نامے کے مطابق وکلا نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا240کنال اراضی منتقلی سے بھی کوئی سروکار نہیں ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 2 کینسر اسپتال بنوائے، تیسراکراچی میں بن رہاہے۔ نیب حکام نےکہاکہ علی ظفر کی جانب سے فراہم کیے گئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے ریمانڈ ضروری ہے۔ عدالت10کی بجائے4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو27نومبر کو دوبارہ عدالت پیش کیاجائے۔

@imrankhan#chairamanpti#formerpm#islamabad#PakTurkNews#pti#ptichairaman