لندن(پاک ترک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی دوسرے روز بھی بڑی بیٹھک ہوئی ۔ مشاورتی اجلاس میں اہم فیصلے کر لئے گئے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئر ممبر کو اعتراض نہیں ہوگا، آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔
پارٹی قائد نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے 7 دن کے اندر تحریری طور پر تجاویز طلب کر لی ہیں، جبکہ پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سمیت دیگر معاملات نواز شریف براہ راست خود دیکھیں گے۔
سینئر لیگی رہنماؤں نے رائے دی کہ نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہئے، جبکہ پارٹی قائد نے ہدایت دی کہ ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ن لیگ کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں نواز، شہباز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار، عابد شیر علی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
گزشتہ روز ہونے والی ن لیگ کی اہم بیٹھک میں نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا جبکہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف ترقی کا سفر شروع کرنے کیلئے وطن واپس جا رہے ہیں۔