مقبوضہ کشمیر میں جشن آزادیٔ پاکستان جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

سری نگر (پاک ترک نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھی آج پاکستان کا 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رات 12 بجتے ہی وادی پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اُٹھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مساجد میں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اجتماعات منعقد کیے گئے۔ یوم آزادی پاکستان پر غیور کشمیریوں کا جذبہ دیدنی تھا۔
سرزمین پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کے اظہار کے طور پر کشمیریوں نے جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرادیے۔ دیواروں پر پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے جن میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمتی نعرے درج تھے۔غیور کشمیریوں نے یوم آزادیٔ پاکستان کا جشن شایان شان طریقے سے منایا۔
ہر گلی اور ہر محلے سے غیور و بہادر کشمیری ٹولیوں کی شکل پاکستان کا پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے۔ جدوجہد آزادی کشمیر اور پاکستان سے الحاق کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
دوسری جانب کشمیری رہنماؤں نے ہر سال کی طرح اس سال بھی آنے والے کل یعنی 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس دن سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا اور بھارت کو پیغام دیا جائے گا اس کے ہر جبر اور ہتھکنڈے کے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو ترک نہیں کریں گے۔

#14aguust#15august#blackday#kashmir#PakTurkNews#srinagar