بھارت آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ کر کے نمبر ون پوزیشن حاصل کر سکتا ہے

کراچی (پاک ترک نیوز) ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھارت آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ کر کے پہلی پوزیشن حاصل کر سکتا ہے ۔
بھارت کے پاس ورلڈ کپ سے قبل ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے کا موقع موجود ہے، اسے 22 ستمبر سے اپنے ملک میں آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرنا ہوگا۔ اس سیریز کا پہلا میچ جمعے کو موہالی میں کھیلا جائے گا، دوسرا 24 ستمبر کو اندور اور تیسرا 26 تاریخ کو راجکوٹ میں شیڈول ہے۔
ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کے مختصر قیام کے بعد پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر سے نمبر ون پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے تاہم بھارت اگر آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ کر گیا تو وہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہو سکتا ہے ۔
اس سے قبل گرین شرٹس اگرچہ ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ میں بھارت اورپھر سری لنکا سے شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے مگر ماضی کے مثبت نتائج ٹاپ پوزیشن پر دوبارہ کھینچ لائے۔
پاکستان کی جگہ بھارتی ٹیم نمبر ون پوزیشن پرفائز ہوتی اگر اسے سپر فور راؤنڈ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں غیرمتوقع طور پر شکست کا منہ نہ دیکھنا پڑتا، اس ناکامی نے بلو شرٹس کو تیسرے نمبر پر پہنچادیا تھا۔
پاکستانی سائیڈ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی مگر ابھی رینکنگ کے ٹاپ پر اکھاڑ پچھاڑ ہونا باقی تھی، اس لیے بھارت کے سری لنکا کو شکست دے کر ایشیائی چیمپئن بننے کے باوجود گرین شرٹس کو ٹاپ پر پہنچنے کا موقع مل گیا اس کی وجہ آسٹریلیا کی پانچویں ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست بنی۔
کینگروز کو اس سیریز میں2-3سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا، اس شکست نے آسٹریلوی ٹیم کو ون ڈے رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچا دیا ، اس کے پوائنٹس کی تعداد بھی اب 113 ہوگئی ہے، اگرچہ پاکستان اور بھارت کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد ایک جیسی 115 ہی ہے تاہم گرین شرٹس اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے ٹاپ پر موجود ہیں۔

 

#ausvsind#cwc2023#indvsaus#odiranking#PakTurkNews#pkistan#series#worlducp2023india