پاکستان میں سرمایہ کاری اورترقی کیلئے اقدامات پرسعودی قیادت کے مشکور ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا، وزیرِ اعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کی بہترین تیاری کیلئے تمام متعلقہ وزراء اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں ، سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی فرامانروا عزت مآب سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں ، پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلیٰ سطحی وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا۔

 

#PakTurkNews#pmln#primemnister#saudiarabia#shahbazsharifInvestmenttrade