ایران کا عراق میں اسرائیل ’جاسوس ہیڈکوارٹر‘ اور امریکی قونصلیٹ پر حملوں کا دعوی

تہران(پاک ترک نیوز) ایران کی جانب سے دعوی کیا گیا کہ اس نے عراق میں اسرائیل کے جاسوس ہیڈ کوارٹر، امریکی قونصل خانے اور کرد جنگجوؤں کے اجتماع کو بیلسٹک میزائل حملوں میں نشانہ بنایا جبکہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے شام اور عراق میں اسرائیل، کردوں اور داعش کے متعدد اہداف پر میزائل حملے کیے جن میں کئی علیحدگی پسند کردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب نے عراق میں کردوں کے زیر انتظام علاقوں کے دارالحکومت اربیل میں اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر اور ایران مخالف دہشت گرد گروہوں (کرد جنگجوؤں) کے ایک اجتماع پر میزائل داغے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے دعوے میں مزید کہا کہ عراق میں یہ میزائل حملے کرد دہشت گردوں کے کرمان اور راسک میں ہمارے عزیز ہم وطنوں کے ایک گروپ کو ناحق قتل کرنے کے جواب میں کیے گئے۔ان میزائل حملوں میں اسرائیل کا جاسوس ہیڈکوارٹر تباہ اور متعدد کرد جنگجو ہلاک ہوگئے۔
عراق کی کردستان سیکورٹی کونسل نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ممتاز کرد تاجر پیشرو دیزائی بھی شامل ہیں۔
پاسداران انقلاب نے شام میں بھی کردوں کے علاقوں پر بیلسٹک میزائل حملے کیے جس میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ حلب میں بھی داعش پر حملے کیے گئے۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر خودکش حملے میں 90 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

#balisticmissiles#iraq#isreal#PakTurkNewsAmericairanKurdSyria