ایران شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت کے لئے پر عزم ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ

تہران(پاک ترک نیوز)
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ کے ساتھ ملاقات میں تنظیم میں شمولیت کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بات ملک کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز جاری ہونے والے بیان میںبتائی ہے۔وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے پیر کے روز ایس سی او کے سکریٹری جنرل ژانگ منگ اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم میں شمولیت اور فعال کردار کے معاملے پر ایران کے عزم اور سنجیدگی کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم نئے بین الاقوامی سلامتی اور اقتصادی میکانزم میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اور اقتصادی تعاون کی ترقی کے ساتھ پائیدار سلامتی میں معاون ثابت ہو گی۔
گزشتہ سال 15 سے 16 ستمبر کو سمرقند میں ہونے والےتنظیم کے سربراہی اجلاس میں رہنماؤں نے تنظیم سے الحاق کے سلسلے میں ایران کی ذمہ داریوں کے بارے میں ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ سربراہی اجلاس کے دوران تنظیم میں بیلاروس کی رکنیت کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہواتھا۔اس کے علاوہ سمرقند میں بحرین، کویت، مالدیپ، میانمار اور متحدہ عرب امارات کو ڈائیلاگ پارٹنرز کا درجہ دینے کاعمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔

#beijing#China#iraniforeginminister#PakTurkNews#shingaiiran