اسلام آباد (پاک ترک نیوز) ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اسلام آباد پہنچ گئے، نورخان ائیربیس پر ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ،اپنے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی اور سکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دونوں فریقین حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش اور دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔
پاکستان روانگی سے قبل ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہم دشمنوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ خطے میں دوستی ، امن اور سکیورٹی کو ہدف بنائیں ، اچھی ہمسائیگی کے ذریعے ہی سلامتی کا حصول ممکن ہے۔
امیر عبداللہیان کو تہران ائیرپورٹ پر ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو اور ایرانی حکام نے الوداع کیا۔