نیو یارک (پاک ترک نیوز) اقوام متحدہ میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی پر اسرائیلی مندوب نے بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔
ایرانی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیر کو منعقدہ اجلاس کے آغاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ایرانی ہیلی کاپٹر حادثے پر اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے مندوبین نے کھڑے ہو کر ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی تھی۔ امریکا کے مندوب نے بھی اس دوران کھڑے ہوکر تعزیت کا اظہار کیا۔
اس اقدام پر اسرائیل کے مستقل مندوب گیلاد اردن خوش نظر نہ آئے اور ایک بار پھر ہٹ دھرمی اور بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ارکان کے اس عمل پر غصے کا اظہار کیا۔
اسرائیلی مندوب نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس عمل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے صحیح دیکھا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کے صدر رئیسی کے قتل عام کی یاد میں ایک لمحے کی خاموشی وقف کی۔”
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد گزشتہ اتوار کو ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔