وفاقی وزرا کو قلمدان تفویض، اسحاق ڈار وزیر خارجہ اور محسن نقوی وزیر داخلہ ہوں گے

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق اسحاق ڈار وزیر خارجہ جبکہ محسن نقوی وزیر داخلہ ہوں گے۔
وفاقی کابینہ کے ارکان کو قلمدان تفویض کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔خواجہ آصف وزیر دفاع ہوں گے جبکہ انہیں دفاعی پیداوار اور ہوابازی کے اضافی قلمدان بھی سونپے گئے ہیں، اسی طرح اسحاق ڈار وزیر خارجہ ہوں گے۔
رانا تنویر حسین صنعت و پیداوار کا قلمدان سونپ دیا گیا جبکہ قیصر احمد شیخ وزارت بحری امور ہوں گے، اعظم نذیر تاررڈ کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔احسن اقبال کو منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی وزارت دی گئی ہے جبکہ اویس لغاری کو ریلوے اور امیر مقام کو سیفران، ثقافت و تاریخی ورثہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ہوں گے، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سائنس وٹیکنالوجی، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر ہوں گے۔
محمد اورنگزیب وزیر خزانہ اور محصولات کی وزارت دیکھیں گے۔ محسن نقوی امور داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے جبکہ احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
سینیٹر مصدق ملک کو توانائی اور پیٹرولیم جبکہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔

#ahsaniqbal#fedrelcabint#ishaqdar#islamabad#khawajasif#mohsinnaqvi#PakTurkNews