تل ابیب (پاک ترک نیوز) اسرائیل کی جانب سے ایرانی میزائل کے دیو قامت فیول ٹینک کی ویڈیو جاری کی ہے۔
اسرائیل نے ایران کے مبینہ فائر کردہ بیلسٹک میزائل کا حصہ میڈیا کے سامنے پیش کیا ہے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایران کے کروز میزائلوں، راکٹوں اور ڈرونز کے ساتھ ساتھ 110 بیلسٹیک میزائل بھی اسرائیل پر فائر کیے گئے تھے۔
بیلسٹک میزائل کا فیول ٹینک 11میٹر لمبا ہے، یہ فیول ٹینک اسرائیلی ملٹری کے دعوے کے مطابق بحیرہ مردار سے نکالا گیا ہے۔ اتوار کی صبح جب گرائے گئے ایرانی راکٹوں کی پہلی تصاویر سامنے آئیں تو انھیں حقیقی نہیں سمجھا گیا، یہاں تک کہ تجربہ کار فوجی ترجمان پیٹر لرنر بھی بے وقوف بن گئے اور انھوں نے کہا ’میں نے سوچا کہ یہ جعلی خبر ہے۔‘
بیلسٹک میزائلوں کے ٹکڑے بحیرہ مردار اور اسرائیل میں کئی جگہ بکھرے دکھائی دیے، اسرائیلی فوج نے ساحل کے قریب ایک فوجی اڈے میں ایرانی میزائل ’عماد‘ کے فیول ٹینک کی نمائش کرائی جو گیارہ میٹر لمبا ہے، تاہم چوں کہ لانچ کے وقت اس کے ساتھ ایک چھوٹی کار کے سائز کا وار ہیڈ بھی ہوتا ہے، اس لیے یہ اور بھی بڑا ہوتا ہے۔
میزائل کی رینج 1,000 میل ہے، اور یہ آدھے ٹن دھماکا خیز مواد کے پے لوڈ کے ساتھ ہوتا ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ایرانی حملہ علامتی تھا تو یہ مضحکہ خیز ہے، کیوں کہ ان میں سے ایک بیلسٹک میزائل بھی اگر اسرائیلی آبادی کے مرکز تک پہنچ جاتا تو تباہی مچ جاتی، اور خطے میں خطرناک نتائج برآمد ہوتے۔
اسرائیل کاکہنا ہے کہ ایران کو ایسا واضح پیغام دینے کی ضرورت کہ ایران دورباہ ایسا کرنے کے بارے میں سوچے بھی نہیں، اسرائیل ایرانی حملے کا جواب اپنے منتخب کردہ طریقہ کار اور وقت کے مطابق دے گا۔