اسرائیل کو حماس کے حملے سے مصر نے تین دن پہلےخبردار کیا تھا۔خفیہ اداروں کی امریکی ارکان کانگریس کو بریفنگ

واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
اسرائیل کو حماس کے حملے سے تین روز قبل مصر کی جانب سے کسی ممکنہ پرتشدد کاروائی کی اطلاع دی گئی تھی ۔مگر اسرائیلی حکومت نے اس پر توجہ دینے کی بجائے ردی کی ٹوکری میں ڈڈال دیا۔
اس بات کا انکشاف امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ مائیکل میکول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے سرحد پار سے ہونے والے جان لیوا حملے سے تین دن پہلے مصر کی طرف سے ممکنہ کاروائی سے خبردار کیا گیا تھا۔ مگراسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ان رپورٹوں کو "بالکل غلط” قرار دیا۔
اب اسرائیل کی 75 سالہ تاریخ میں فلسطینی عسکریت پسندوں کے مہلک ترین حملے کو روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی انٹیلی جنس سروسز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیاکے مطابق کانگریس مین مائیکل میکولن نےبدھ کی شب مشرق وسطیٰ کے بحران کے بارے میں قانون سازوں کے لیے ایک بند کمرہ انٹیلی جنس بریفنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ مصر نے تین دن پہلے اسرائیلیوں کو خبردار کیا تھا کہ ایسا کوئی واقعہ ہو سکتا ہے۔ٹیکساس سے ریپبلکن پارٹی کے رکن نے مزید کہا کہ وہ بہت زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتے لیکن ایک انتباہ دیا گیا تھا۔ اورمیرے خیال میں یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ یہ وارننگ کس سطح پردی گئی تھی۔اور ہماری اطلاع کے مطابق اسے اسرائیلی وزیر اعظم نے مسترد کیا تھا۔
ایک مصری انٹیلی جنس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مغربی میڈیاکو بتایا کہ قاہرہ نے بارہا اسرائیلیوں کو خبردار کیا ہے کہ غزہ سے "کچھ بڑا” منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ہم نے انہیں خبردار کیا تھا کہ ایک دھماکہ ہونے والا ہے ۔ اور بہت جلد ہونے والا ہے۔ اور یہ بہت بڑا ہو گا۔ لیکن انہوں نے اس طرح کے انتباہات کو کم سمجھا۔ اہلکار نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکام نے غزہ سے آنے والے خطرے کو کم جانا اور غزہ کی بجائے مغربی کنارے پر توجہ مرکوز کئے رکھی۔
دریں اثنا برطانوی اخبار نے اس معاملے سے واقف دو اہلکاروں کے حوالے سے دعویٰ کیاکہ انہیں کسی مخصوص حملے کی کوئی سخت انٹیلی جنس نہیں تھی۔جبکہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ان خبروں کو مکمل طور پر جعلی قرار دیا ہے کہ اسرائیل کو مہلک دراندازی کی پیشگی انتباہ موصول ہوئی تھی۔

#gazaunderattack#hamas#ISRAIL#PakTurkNews#washintondcAmerica