اسرائیلی ٹینک الشفاء اسپتال کے دروازوں پر پہنچ گئے ، فوجیوں کی مریضوں پر فائرنگ

غزہ (پاک ترک نیوز) غزہ کا سب سے بڑا الشفا ہسپتال ایندھن، دیگر سہولیات نہ ہونے اور اسرائیلی محاصرے کے بعد عملی طور پر غیر فعال ہو گیا، اسرائیلی فوج نے ہسپتال کے دروازوں کے سامنے ٹینک کھڑے کر دیئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس وقت الشفااہسپتال کے اندر 650 مریض، 500 عملے کے افراد اور ڈھائی ہزار کے قریب بے گھر افراد موجود ہیں، غزہ کے تقریباً تمام ہی ہسپتال عملی طور پر بند ہو چکے ہیں ۔
ہسپتال میں بجلی اور آکسیجن نہ ہونے سے 6 نومولود اور 9 دیگر مریض دم توڑ گئے، الشفا ہسپتال کے اطراف حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی اسنائپر ہسپتال میں موجود مریضوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
اسرائیلی حکومت نے کہا ہے کہ الشفا ہسپتال پر کنٹرول سے شمالی غزہ کے 50 فیصد حصے پر قبضہ ہو جائے گا، ہسپتال کے بچوں کے آئی سی یو یونٹ کا انتظام سنبھالنے والے برطانوی ادارے نے بتایا کہ بہت زیادہ بیمار بچوں کو کہیں اور منتقل کرنا پیچیدہ عمل ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 200 سے تجاوز کر گئی جن میں 4,630 بچے اور 3,130 خواتین، 189 ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکس شامل ہیں۔

 

#alshifahospital#gaza#gazaunderattack#pakturknwesIsrael