واضح ہو گیا حکومت گرفتار کرنا چاہتی ہے ،میرے گھرپر حملہ کردیا جہاں بشری بیگم اکیلی ہیں،عمران خان

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، پولیس نے میرے گھر پر حملہ کر دیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرے تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے باوجود اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا پنجاب پولیس نے زمان پارک میں میرے گھر پر حملہ کیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں، یہ کس قانون کے تحت کر رہے ہیں؟ یہ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں ایک ملاقات میں مفرور نواز شریف کو اقتدار میں لانے کے وعدے کیے گئے تھے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کے مذموم عزائم کے باجود میں اسلام آباد اور عدالت کی جانب جا رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔
ان کے ناپاک عزائم سب پر عیاں ہو گئے ہیں، لاہور کا محاصرہ کسی مقدمے میں میری عدالت میں حاضری کو یقینی بنانا نہیں تھا، لاہور محاصرے کا مقصد مجھے جیل بھیجنا تھا تاکہ میں انتخابی مہم کی قیادت نہ کر سکوں۔

#chairmanpti#Imrankhan_arrest#Lahore#PakTurkNews#police#pti#ptichairman#ptiworkers#zamanparkarrest