جیل بھرو تحریک کا آغاز ،شاہ محمود ،اسد عمر ،اعظم سواتی ،عمر چیمہ نے گرفتار ی دیدی

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گیا ۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی ن ے پہلی گرفتاری دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے پہلی گرفتاری دے کر معاشی عدم استحکام ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر کریک ڈاؤن کے خلاف ’ جیل بھرو تحریک ‘ کا آغاز کر دیا۔
جیل بھرو تحریک کے آغاز میں پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، سینیٹر ولید اقبال، عمر سرفراز چیمہ اور زبیر نیازی نے گرفتاری دے دی، پولیس نے شاہ محمود قریشی سمیت تمام رہنماؤں کو قیدیوں کی وین میں بٹھا لیا جبکہ دیگر رہنما اور 200 کارکنان بھی اپنی گرفتاری دیں گے۔حکومت نے گرفتاریوں سے انکار کیا تو پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان مال روڈ چیئرنگ کراس پر دھرنا دیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے پہلی گرفتاری دے کر جیل بھرو تحریک کا آغاز کردیا ۔ لاہورکی قیادت گرفتاری دے گی ۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب ونگ کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں ’ جیل بھرو تحریک ‘ پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ صدر لاہور شیخ امتیاز محمود کی جانب سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک کے آغاز کے موقع پر گرفتاریاں دینے والے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے اعزاز میں پارٹی دفتر میں تقریب منعقد ہوگی، ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتاریاں دینے والے رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ چیئرنگ کراس پہنچیں گی۔
دوسری جانب پنجاب میں نگران حکومت نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے حکمت عملی طے کر لی ہے جس کے تحت صوبائی دارالحکومت میں سات دن کے لئے دفعہ 144 نافذ، اہم شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور کی جیلوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث گرفتاری دینے والے کارکنوں کو میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 17 فروری کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران 22 فروری کو لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کارکنان کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سارے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں اپنی حقیقی آزادی کیلئے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں، یہ تحریک وہاں لے کر جائے گی جہاں ایک آزاد اور خوشحال پاکستان بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اور خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی، جیل بھرو تحریک کا مقصد ایک جہاد ہے، جتنی تعداد میں آپ اس میں شرکت کریں گے اتنی ہی جلدی ہم اپنے مقصد کو پہنچ جائیں گے۔

#asadumer#azamswati#fawadch#jailbharoo#Lahore#PakTurkNews#pti#shahmehmoodqureshi