لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے جڑانوالہ واقعہ کی اعلی سطح پر انکوائری کا حکم جاری کردیا گیا ۔واقعے میں 100سے زائد لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق سازش کے تحت امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا۔اس حوالے سے امن کمیٹی کو فوری طور پر متحرک کیا گیا ہے، امن کمیٹی اور تمام جماعتوں کے ارکان نے واقعے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جماعت اقلیتی ملکیت کو نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کمشنر، آر پی او، ڈی سی اور سی پی او فیصل آباد سمیت تمام نفری موقع پر موجود ہے۔ حکومتِ پنجاب اور اس کے تمام ادارے متحرک ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
جڑانوالہ میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق جڑانوالہ میں آج تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔