جسٹس مسرت ہلالی نے بطور سپریم کورٹ جج عہدے کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) جسٹس مسرت ہلالی نے بطور سپریم کورٹ کی جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا ، حلف برداری تقریب میں سینئر ججز، اٹارنی جنرل، وکلاء بھی شریک ہوئے ۔جسٹس مسرت ہلالی 3 سال تک سپریم کورٹ کے جج کے طور پر خدمات ادا کریں گی۔ جسٹس مسرت کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ جسٹس مسرت ہلالی جسٹس عائشہ ملک کے بعد سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والی دوسری خاتون جج ہیں ۔ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔
یکم اپریل کو جسٹس مسرت ہلالی نے پشاور ہائیکورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا تھا، جس کے بعد وہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں اس عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون بن گئی تھیں۔
گزشتہ ماہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور ہائیکورٹ میں بطور قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں ادا کرنے والی جسٹس مسرت ہلالی کی آئین کے آرٹیکل 175 اے (13) کے تحت بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

 

#chiefjustics#islamabad#musrathilali#PakTurkNews#supremecourt