کینیا کے نیوی کمانڈر کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

 

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کینیا کے کمانڈر نیوی میجر جنرل جیمسن لانگریو متائی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بعد ازاں نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر کینیا نیوی نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
میجر جنرل جیمسن لانگریو متائی کے دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

#islamabad#navalheadquarter#navy#PakTurkNews