لنکا ڈھانے گرین شرٹس آج اڑان بھریں گے

کراچی(پاک ترک نیوز) لنکا ڈھانے کے مشن پرگرین شرٹس آج کولمبو کیلئے اڑان بھریں گے۔
قومی ٹیم 2میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلیے ہفتے کی شب کراچی سے کولمبو روانہ ہوں گے،نئی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ ٹیم کی پہلی آزمائش ہوگی۔
ٹیسٹ سکواڈ میں بابراعظم ( کپتان )، محمد رضوان (نائب کپتان )، عامر جمال، عبداللہ شفیق،ابرار احمد ،حسن علی، محمد نواز، امام الحق، محمد حریرہ، نسیم شاہ،نعمان علی، سلمان علی آغا، سعود شکیل، سرفراز احمد،شاہین آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔
کراچی سے روانہ ہونے والا پاکستانی اسکواڈ ہمبنٹوٹا میں 11اور12جولائی کو2روزہ وارم اپ میچ کھیلے گا، پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16سے 20 جولائی تک شیڈول ہے، دوسرا میچ کولمبو میں 24سے 28جولائی تک ہوگا۔
گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل اکیڈمی گراؤنڈ پر صرف صبح کے سیشن میں پریکٹس ہوئی، روانگی سے قبل ٹریننگ کے آخری موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرکٹرز نے صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،وارم اپ کے بعد ہلکی پھلکی ورزشوں سے آغاز ہوا،اس کے بعد کھلاڑیوں کے ایک سیٹ نے نیٹس کا رخ کیا۔
دونوں ملکوں کے مابین اب تک 57ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے گرین کیپس نے 21میں فتح پائی، 17میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 19مقابلے ڈرا ہوئے۔
آئی لینڈ میں کھیلے جانے والے 25میچز میں سے 9میں پاکستان سرخرو ہوا، 8میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اتنے ہی مقابلے ڈرا ہوئے۔

#colombo#PakTurkNews#record#srialnak#testmatchPakistan