راولپنڈی (پاک ترک نیوز ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے مسجد نبویؐ کے امام الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ امام مسجد نبویؐ امام الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد کا دورہ پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
مسجد نبویؐ کے امام نے دوران ملاقات اپنی گفتگو میں آرمی چیف سے کہا کہ پاکستان کا مسلم دنیا میں ایک اہم مقام ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
آخر میں مسجد نبویؐ کے امام نے پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہوں نے امت مسلمہ کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے دعا بھی کی۔