باغ(پاک ترک نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے گجرات میں قتل عام کیا، مودی سرکار خطے کے امن میں اصل رکاوٹ ہے، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔
باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باغ کے شہریوں کا شکر گزار ہوں، باغ کا جوش و جذبہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ایک طرف مودی مقبوضہ کشمیر میں ڈرامہ کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام احتجاج کر رہے ہیں، باغ کے عوام نے مودی کی جی 20 کانفرنس کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کی نہیں، شہیدوں کی نمائندگی کرتے ہیں، مقبوضہ وادی میں رائے شماری کی بات کریں تو دہشت گردی کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل وقتی ہیں، جب ہم پاکستان میں موجود ہیں تو سیاسی جماعتوں سے اختلاف ہو سکتا ہے، جب ملک سے باہرجاتا ہوں تو آپ سب کی نمائندگی کرتا ہوں، بھارتی حکمران جماعت تمام مسلمانوں کو دہشت گرد سمجھتی ہے، ہم دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کیوں بار بار کشمیر کا نام لیتے ہیں، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ نسلوں کا ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جب مودی کو میں قاتل اور قصائی کہتا ہوں تو بھارت رونا شروع کر دیتا ہے، اصل میں بھارت کو پہلے کسی وزیر خارجہ نے آئینہ نہیں دکھایا تھا، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگربھارت سپرپاور، جمہوری ملک ہے تو رائے شماری سے کیوں ڈرتا ہے، 70 سال ہو چکے ہیں بھارت کیوں بھاگ رہا ہے، ہمارا ایک ہی نعرہ "رائے شماری” ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آدھا مقبوضہ کشمیر جیل بن چکا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرائے تاکہ کشمیری عوام اپنے فیصلے خود کریں، کشمیریوں کی جدوجہد بھارت کو مجبور کرے گی، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام رائے شماری کا ہتھیار استعمال کر کے آزادی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اصل دہشت گرد بھارت ہے، ہم اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے، دنیا تسلیم کر چکی کشمیر عالمی مسئلہ ہے، پاکستان دہشت گرد نہیں امن پسند ملک ہے، دہشت گرد وہ ہے جو سمجھوتہ ایکسپریس، گجرات میں دہشت گردی کرتے ہیں، دہشت گرد تنظیمیں وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کر دیا ہے، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے۔