قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا، قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اہم اجلاس جمعہ کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، سروسز چیفس اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس نے ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکاءکو بریفنگ دی۔ انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی اور پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔

#armychief#bilawalabhuttoozardari#dar#ishaqdar#islamabad#PakTurkNews#shahbazsharif