اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی این اے 15 مانسہرہ سے انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی انتخابی عذر داری پر سماعت کی۔
ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی، ریٹرننگ افسر نے جواب میں کہا کہ حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
نواز شریف کے وکیل تاخیر سے پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی، الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گستاسب کامیاب ہوئے تھے۔