اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نیپرا نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایک روپے 81پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) برائے جون کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا۔نیپرا نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 81 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے نیپرا نے کہا کہ سی پی پی اے -جی نے 1 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے 26 جولائی 2023 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی، جس کے بعد 1.81 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ اس کا اطلاق صرف اگست کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔
اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہوگا تاہم لائف لائن، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صارفین سے مئی کے ایف سی اے کی مد میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا۔