اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا جواز بنتا ہو تو گرفتار کیا جائے گا، القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں ان کو 2 ہفتے کی ضمانت دی گئی ہے، جو کل سپریم کورٹ میں ہوا اس کی مثال پچھلے 75 سال میں نہیں ملتی، سہولت کاری کے نئے طریقے ایجاد ہو رہے ہیں، عدلیہ کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اجلاس میں بہت سے تجاویز آتی ہیں، ابھی تک ایمرجنسی کے نفاذ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانون کے مطابق ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، عمران خان کی اپنی ذاتی تقاریر موجود ہیں، جو کچھ بھی ہوا ہے عمران خان کی ایما پر ہوا ہے، عمران خان نے پوری محنت سے یہ صورتحال پیدا کر دی ہے، جو عمران خان نے کیا وہ اب واضح ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز اہلکار ہائی کورٹ کے باہر موجود ہیں، گورنمنٹ کی طرف سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، اگر آرڈر آتے ہیں کہ گرفتار نہ کیا جائے تو اس کے مطابق عمل کیا جائے گا۔