کسی نے رابطہ کیا نہ مذاکرات، الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی: بانی تحریک انصاف

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جیل میں مجھ سے کوئی ملا نہ کسی نے کوئی مذاکرات کیے، لکھ کر دیتا ہوں الیکشن پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں آپ کا کپتان آخری سانس تک لڑنے کیلئے تیار ہے، میں واضح کر رہا ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی، خدشہ ہے کہیں یہ الیکشن سے بھاگ ہی نہ جائیں۔
خاور مانیکا کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تمام الزامات جھوٹے ہیں، قسم اٹھانے کیلئے تیار ہوں کہ میں نے بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہا جا رہا ہے۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ مجھے جس طرح پکڑا گیا، سب ایک پلان تھا، نواز شریف لندن پلان کے بعد پاکستان آئے، جیل میں کسی مشکل میں نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں، جیل میں رہنے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جان دینے کو تیار ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑے جانے سے متعلق سوال پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا چند سیاسی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے پر شکر ادا کرتا ہوں۔
سابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی عہدے کی ضرورت نہیں، کپتان کیساتھ کل بھی تھا آج بھی ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو قانون کی حکمرانی سے محبت کرتے ہیں اور نظریاتی ہیں وہ باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں۔

@imrankhan#adiala#formerchiarmanpti#PakTurkNews#pti#rawalpindi#shahmehmoodqureshi