پیانگ یانگ (پاک ترک نیوز) شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنیوالے میزائل تجربہ کے کچھ ہی گھنٹوں بعد طویل فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل کاتجربہ کیا ہے ۔
جنوبی کوریا حکام کی جانب سے شمالی کوریا کے اس تجربہ کی مذمت کی گئی ہے اور اسے بین الاقوامی امن کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ اس نے پیانگ یانگ کے علاقے سے ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے لانچ کا پتہ لگایا ہے جس نے مشرقی سمندر میں گرنے سے پہلے 1,000 کلومیٹر (620 میل) تک پرواز کی تھی، جسے جاپان کا سمندر بھی کہا جاتا ہے۔
جاپان کی وزارت دفاع نے کہا کہ یہ ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) ہے جو امریکہ میں کسی بھی جگہ تک پہنچنے کی ممکنہ صلاحیت رکھتا ہے۔
پارلیمانی نائب وزیر دفاع شنگو میاکے نے کہا، اس بار آئی سی بی ایم کلاس کے بیلسٹک میزائل کو لانچ کیا گیا، اگر اسے وار ہیڈ کے وزن کے لحاظ سے رفتار کی بنیاد پر شمار کیا جائے تو اس کی پرواز کی حد 15,000 کلومیٹر [9,320 میل] سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
جنوبی کوریا کے مطابق مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کو پیانگ یانگ کے علاقے سے جزیرہ نما کوریا اور جاپان کے درمیان پانیوں کی طرف بھی لانچ کیا گیا، جس کا تجربہ تقریباً 10:38 بجے (13:38 GMT) پر کیا گیا۔ پراجیکٹائل نے سمندر میں گرنے سے پہلے تقریباً 570 کلومیٹر (354 میل) تک پرواز کی۔
جاپان کے وزیر اعظم Fumio Kishida، جنہوں نے اپنی قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایااور نئے میزائل تجربات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ ہے”۔