لاہور(پاک ترک نیوز) بھارت نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023میں پاکستان کے دو میچز کی تاریخ میں تبدیلی کیلئے پاکستان سے باضابطہ درخواست کردی۔
ون ڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے بھارت میں کھیلا جائے گا۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے پاکستان کے دو میچوں کی تاریخوں میں تبدیلی کی درخواست کر دی ہے۔
ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے تاہم ہندوؤں کے مذہبی تہوار نوراتری کے باعث سیکیورٹی اداروں کی جانب سے میچ کو مطلوبہ سیکیورٹی دینے سے انکار کے بعد اس کی تاریخ میں تبدیلی کی اطلاعات تھیں۔اس سلسلے میں باضابطہ بھارت نے پاکستان سے رابطہ کرلیا ہے اور پاک بھارت ٹاکرا شیڈول سے ایک روز قبل 14 اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے۔
مذکورہ درخواست میں پاکستان کے بھارت اور نیدر لینڈ سے میچز کی تاریخیں تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ پاکستان اور نیدر لینڈ کا میچ 6 اکتوبر کے بجائے 5 اکتوبر کو کرائے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی اس درخواست کا جلد جواب دے گا اور بی سی سی آئی پُر امید ہے کہ نئے شیڈول پر اتفاق ہو جائےگا۔
یاد رہے کہ اگر شیڈول میں ردو بدل ہوتا ہے ک پاکستان کے دو میچز کے علاوہ دیگر ٹیموں کے کچھ میچز کا شیڈول بھی تبدیل ہوگا تاہم کسی میچ کا وینیو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔