کینیڈا کے شمالی مغربی علاقوں کی بے قابو جنگلی آگ ایک اور شہر جلانے کو تیار

ٹورنٹو (پاک ترک نیوز)
کینیڈا کے شمال مغربی علاقوں میں جنگل کی آگ کی وجہ سے حکام نے ایک اور شہر ہائی ریور کے پورےعلاقے کو خالی کرنے کا حکم دے دیاہے۔ یہ شہر تقریباً چار ہزار افراد کی آبادی پر مشتمل ہے۔
کینیڈین انٹرایجنسی فاریسٹ فائر سینٹر (سی آئی ایف ایف سی) کے مطابق شمال مغربی علاقوں کی حکومت نے ہائی ریور شہر کے تمام رہائشیوں کے ہوائی اڈے پر پہنچنے اور مزید ہدایات کا انتظار کرنے کا حکم دیاہے۔ حکومت نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3:23 پر پوسٹ کیے گئے ایک ہدایت نامے میں کہاہے کہ جو بھی ہائی ریور میں رہے گا وہ خود ذمہ دار ہوگا۔کیونکہ کوئی ہنگامی یا رسپانس سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔ جبکہ کینیڈا کی مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ شمال مغربی حصے کے کئی علاقوں میں پوسٹل سروس بھی آگ سے متاثر ہوئی ہے
اس سال کینیڈا تاریخ کی بدترین آتش زنی کا سامنا کر رہا ہے اور گزشتہ چند دنوں میں 50,000 سے زائد افراد بشمول شمال مغربی علاقوں کے دارالحکومت یلو نائف کے تمام رہائشیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔کینیڈا 1,000 سے زیادہ فعال آگوں سے لڑ رہا ہے، اور ان میں سے تقریباً دو تہائی کنٹرول سے باہر ہیں۔
کینیڈا اپنی تاریخ میں جنگل کی آگ کے بدترین موسم کا سامنا کر رہا ہے جس میں لاکھوں افراد کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے اور وفاقی حکومت گزشتہ مہینوں کے دوران کئی علاقوں میں فوج کو تعینات کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔اگرچہ کینیڈا میں ہر موسم گرما میں جنگلوں میں آگ لگتی ہے۔ مگر اس سال کی آگ نے کم از کم 15.3 ملین ہیکٹر (37.8 ملین ایکڑ) اراضی کو جلادیا ہے۔ جو گذشتہ سال 2022 میں آگ سے جلنے والے رقبہ کے مقابلے میں تقریباً 10 گنا زیادہ ہے اور تقریباً نیو یارک ریاست کا حجم ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کے حجم سے دگنا اور کوسٹاریکا کے حجم سے تین گنا زیادہ ہے۔
کینیڈین انٹرایجنسی فاریسٹ فائر سینٹر (سی آئی ایف ایف سی) کے مطابق، پورے کینیڈا میں 1,036 فعال آگ جل رہی ہیں جن میں سے 652 کو "کنٹرول سے باہر”، 161 کو "گرائے جانے” اور 223 کو کنٹرول میں سمجھا جاتا ہے۔تمام فعال آگوں میں سے تقریباً دو تہائی 376برٹش کولمبیا کے مغربی صوبے اور237 شمال مغربی علاقوں میں جل رہی ہیں۔ یوکون میں مزید 143، البرٹا میں 88 اور اونٹاریو میں 66 آگیں جل رہی ہیں۔
سی آئی ایف ایف سیکے مطابق، اس سال اب تک ملک بھر میں 5,881 آگ لگنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 1,000 زیادہ ہیں۔اس سال اب تک آگ سے جلنے والی زمین کےاعداد وشمار کے مطابق جلنے والے جنگلات کا کل رقبہ15.3 ملین ہیکٹر ہے۔ 1 ملین ہیکٹر کا رقبہ 10,000 مربع کلومیٹر کے برابر ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آگ نے 153,000 مربع کلومیٹر یا 59,000 مربع میل علاقےکو جلا دیا ہے۔

#canada#fire#ontario#PakTurkNews#tornoto#wildfire