کراچی (پاک ترک نیوز) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس معاون مزید 550 ٹن امدادی سامان لیکر ترکیہ اور شام کیلئے روانہ ہوگیا ۔
امدادی سامان میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے موسم سرما کے خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، کمانڈر پاکستان فلِیٹ ریئر ایڈمرل فیصل عباسی اور کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو نے کراچی بندرگاہ پر جہاز کو الوداع کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ترکیہ کے قونصل جنرل نے اس مشکل گھڑی میں امداد پر حکومت پاکستان بالخصوص پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر 1000 ٹن امدادی سامان لیکر 28 فروری کو ترکیہ اور شام کیلئے روانہ ہوا تھا۔
پاک بحریہ اس سے قبل بھی دوست ممالک میں قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کیلئے امدادی مشن سرانجام دے چکی ہے۔