فوج کا کڑےا ندرونی احتساب کا نظام ادارے کے استحکام کا ضامن ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (پاک ترک نیوز)
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت منعقد ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک میں سخت سائبر سکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
افواج پاکستان کے آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری ہونے والےبیان میں کہا گیا ہے کہفوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے۔ جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنا کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے ایک مضبوط اور مؤثر قانونی نظام کی اہمیت کو اُجاگرکرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
کور کمانڈرزکانفرنس نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اور پاکستان کے امن و استحکام کے لیے شہدا افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔جبکہ کانفرنس کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فورم نے ملک خصوصاَ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کی سر گرمیوں اور اس کے تدارک کے لیے کیے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔
کورکمانڈر کانفرنس نے انڈیا کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے شہدا کو خراج ِعقیدت پیش کیا۔فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

#CorpsCommandersConfrence