اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امریکا کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے۔امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تباہی سے زیادہ متاثر ہوا ہے، پاکستان میں مسئلہ زیادہ اخراجات اور کم وسائل ہیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملکوں میں مختلف امور پر اتفاق اور اختلاف بھی رہتا ہے، ہم منفی توانائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔پاکستان میں جمہوری عمل تسلسل سے جاری ہے، گزشتہ 15 سالوں میں 3 اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کی، حکومت کی تبدیلی آئینی طریقے سے عمل میں آئی، جمہوری عمل کا ارتقا ہو رہا ہے، حکومت تبدیلی کا آئینی طریقہ موجود ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ ملکر پاکستان نے طویل جنگ لڑی ہے، ہم نے مل کرعالمی امن کے لیے بہت اہم کردارادا کیا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، پاکستان کےعوام میں بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت ہے، پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہارورڈ یونیورسٹی کے طلباء کے گروپ نے جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا تھا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔